کراچی: معروف مذہبی اسکالر اور سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمٰن نے رمضان المبارک 2025 کے لیے فطرانے اور فدیے کی کم از کم رقم 240 روپے فی فرد مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اپنے بیان میں مفتی منیب الرحمٰن نے اہل ثروت سے اپیل کی کہ وہ اپنی مالی استطاعت کے مطابق فطرانہ، فدیہ اور کفارہ ادا کریں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ فدیہ کی رقم گندم کے حساب سے 240 روپے، جو کے لحاظ سے 700 روپے، اعلیٰ معیار کی کھجور کے لیے 4000 روپے اور عمدہ کشمش کے لیے 6400 روپے مقرر کی گئی ہے۔
مفتی منیب الرحمٰن نے مزید کہا کہ روزہ توڑنے کے کفارے کے طور پر 60 مساکین کو دو وقت کا کھانا کھلانا لازم ہوگا۔
اس سے قبل 20 فروری کو اسلامی نظریاتی کونسل نے رمضان 2025 کے لیے فطرانے اور روزے کے فدیے کے حوالے سے ہدایات جاری کی تھیں۔
کونسل کے مطابق گندم کی قیمت کی بنیاد پر فی کس کم از کم 220 روپے فطرانے کے طور پر ادا کیے جائیں۔ دیگر اشیائے خور و نوش کے حساب سے یہ رقم مختلف ہوگی، کھجور کے لیے 1650 روپے، کشمش کے لیے 2500 روپے اور خشک خوبانی کے لیے 5000 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے زور دیا کہ فطرانہ ہر مسلمان پر لازم ہے، خواہ وہ کسی بھی حیثیت یا جنس سے تعلق رکھتا ہو، اور اسے رمضان کے اختتام سے پہلے ادا کرنا ضروری ہے۔
ان ہدایات میں فدیے کی تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ 30 روزوں کا فدیہ گندم کے حساب سے 6600 روپے، جو کے لیے 13500 روپے، کھجور کے لیے 49500 روپے، کشمش کے لیے 75000 روپے اور خشک خوبانی کے حساب سے 150000 روپے مقرر کیا گیا ہے۔