ایبٹ آباد : سنٹرل جیل ہری پور میں قید جے یو آئی کے مرکزی رہنما مفتی کفایت اللہ کی آنکھوں کا آپریشن نہ ہوسکا۔ مفتی کفایت اللہ کو ڈاکٹرز کی تجویز پر ہری پور جیل سے سخت سیکورٹی میں آنکھوں کے خصوصی اسپتال ایل آر بی ٹی ریڑھ نزد عطر شیشہ مانسہرہ لایا گیا۔ جہاں کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی، اسپتال انتظامیہ نے آپریشن سے قبل ضروری ٹیسٹ کیے، جس میں مفتی کفایت اللہ کا شوگر لیول انتہائی زیادہ پایا گیا جس کی وجہ سے آپریشن نہیں ہوسکا۔
شوگر کو کنٹرول کرنے کےلیے ڈاکٹرز نے ڈی ایچ کیو مانسہرہ تجویز کیا، لیکن پولیس نے ڈی ایچ کیو منتقل کرنے کے بجائے، واپس ہری پور جیل منتقل کردیا۔ اس موقع پر موجود کارکنان و متعلقین کا کہنا تھا کہ شوگر زیادہ ہونے کی وجہ سے ڈاکٹرز کی تجویز پر ان کو اسپتال کی ضرورت تھی، انہیں فوری اسپتال منتقل کیا جائے تاکہ بروقت علاج میسر ہوسکے۔
مفتی کفایت اللہ کے بھائی قاضی حبیب الرحمن اور بیٹے حافظ حسین کفایت کے مطابق مفتی کفایت اللہ کو آج ڈی ایچ کیو ہری پور میں میڈیکل اسپشلسٹ سے معائنہ کرایا جائے گا اور شوگر لیول برابر ہونے کے بعد آنکھوں کا آپریشن کیاجائے گا۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ طبی علاج میں مزید سستی سے مفتی کفایت اللہ کی صحت بگڑ سکتی ہے۔ لہٰذاہ تمام طبی سہولیات بروقت فراہم کی جائیں ۔
یاد رہے جے یو آئی رہنماء مفتی کفایت اللہ نے جیل انتظامیہ کی طرف سے غیرانسانی سلوک و غیراخلاقی رویہ کے خلاف 24 جون کو بھوک ہڑتال شروع کی تھی، جس پر شدید عوامی ردعمل سامنے آیا تھا شدید عوامی ردعمل پر جیل انتظامیہ نے مفتی کفایت اللہ کو طبی سہولیات فراہم کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : جمہوریت کے قاتل اسمبلی میں ٹائی لگا کر بیٹھتے ہیں، بلال غفار