اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری کشیدگی کی وجہ سے ایم ٹی وی میوزک ایوارڈز کی تقریب منسوخ کردی گئی ہے۔
آرگنائزرز پیراماؤنٹ نے بی بی سی کو بتایا کہ ایوارڈ کی تقریب کو منسوخ کرنے کا فیصلہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے، غزہ اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کی وجہ سے یہ ایوارڈ شو کو منعقد کرنے کیلئے مناسب وقت نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک سوگ کا لمحہ ہے، اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری تنازع کی وجہ سے ہزاروں قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں اسی لئے ہم نے تقریب کو 2024 تک ملتوی کردیا ہے۔
واضح رہے کہ ایم ٹی وی ایوارڈ کی تقریب 5 نومبر کو پیرس میں ہونی تھی، جس میں کورین بینڈ بی ٹی ایس کے ممبر جنگ کک اور لی این کو پرفارم کرنا تھا جبکہ اس میں بہترین آرٹسٹ کی کیٹیگری میں دوجا کیٹ، ملی سائرس، اولیویا روڈریگو، ایس زیڈ اے، ٹیلر سوئفٹ، اور نکی میناج کو نامزد کیا گیا تھا۔
یہاں پر آپ کو بتاتے چلیں کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان کشیدگی اس وقت شروع ہوئی جب فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملہ کیا ، حملے کے نتیجے میں 1 ہزار اسرائیلی ہلاک ہوگئے، جس کے بعد جوابی کارروائی میں اسرائیل نے فلسطین پر حملہ کیا جس کا سلسلہ اب تک جاری ہے، جس کے نتیجے میں 3 ہزار کے قریب فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ 1500 سے زیادہ زخمی ہیں۔