لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کے بجٹ کے مطابق کام کررہی ہے ان کی ہر ایک شرط پوری کی جارہی ہے۔ گیس کی قیمتوں میں 35 فیصد اضافے کی اطلاعات پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
گیس کی قیمتوں میں اضافے کی اطلاع پر ردعمل دیتے ہوئے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت نے ٹیکس فری بجٹ کو قوم سے جھوٹ بولا تھا۔ ہر شے کی قیمت اضافہ کرکے حکومت نے معیشت کا نائن الیون کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جو کہتے تھے آج حرف بحرف سچ ثابت ہورہا ہے۔ ہم کہتے تھے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کا بجٹ پیش کیا ہے۔ ہم نے کہا تھا کہ بجٹ کے بعد مہنگائی کا اور ٹیکسز کا طوفان آئے گا اور وہ آگیا ہے۔ عمران نیازی اپنی پے در پے حماقتوں سے ملک میں خانہ جنگی کرانے پر تلے ہوئے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گیس کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کیا جا رہا ہے۔ عوام میں مزید مہنگائی برداشت کرنے کی سکت نہیں رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی زندگی مزید جہنم بن جائے گی جبکہ گیس کی قیمت بڑھنے سے روٹی کی قیمت بڑھے گی اور عوام کے بل مزید بڑھ جائیں گے ۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اور غریب کا جینا حرام ہو چکا ہے، عمران نیازی قوم کو بھوکا مارنے کی بجائے گھر چلے جائیں، حکومت مزید مہنگائی کرکے قوم کو تورا بورا بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کو معیشت کی الف ب بھی معلوم نہیں ۔
یہ بھی پڑھیں: ہیری اور میگھن کی نیویارک میں اقوام متحدہ کے سربراہ سے ملاقات