بولڈ اشتہارات، تصاویر اور گرما گرم بیانات کیلئے مشہور پاکستانی ٹی وی میزبان اور ماڈل متھیرا نے کہا ہے کہ علی ظفر پر سنگین الزامات لگانے والوں کو باز آجانا چاہئے کیونکہ وہ بے گناہ ہیں۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اپنے پیغام میں اداکارہ متھیرا نے کہا کہ میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ لوگ علی ظفر کے برے برے نام کیوں رکھ رہے ہیں؟
اپنے پیغام میں اداکارہ متھیرا نے کہا کہ لوگ اس طرح ظاہر کر رہے ہیں جیسے وہ اس وقت جائے وقوعہ پر موجود تھے جب علی ظفر نے ہراسگی کا سنگین جرم کیا جبکہ ایسا نہیں ہے۔
نسائیت پسند افراد پر تنقید کرتے ہوئے اداکارہ متھیرا نے کہا کہ میں نام نہاد فیمنزم پر یقین نہیں رکھتی جو آپ کو کسی ایسے شخص کو بدنام کرنے پر مجبور کرے جس سے آپ کو ذاتی پرخاش ہو۔
اداکارہ متھیرا نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ انسانی حقوق کا خیال رکھنا چاہئے، آپ مرد ہوں یا عورت، سب کے حقوق یکساں ہوتے ہیں۔ لوگوں کو چاہئے کہ علی ظفر پر الزام تراشی بند کریں۔
متھیرا نے کہا کہ علی ظفر پر لگائے جانے والے الزامات سنگین ہیں۔ وہ بے گناہ ہیں، اس لیے عوامی توجہ کا مرکز بننے کیلئے ایسے ہتھکنڈوں سے باز آجائیں۔
فٹ بال کی مشہورومعروف کھلاڑی ہاجرہ خان کو علم نہیں تھا کہ علی ظفر ہم اسٹائل ایوارڈز شو کے میزبان ہوں گے جو پہلے ہی میشا شفیع ہراسگی کیس کا سامنا کر رہے ہیں۔
خاتون فٹبالر نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ شو میں بہت سے لوگ موجود تھے، علی ظفر کی موجودگی نے مجھے ہراساں کردیا تاہم ہاجرہ خان وہ واحد ہستی نہیں جنہوں نے علی ظفر کی مخالفت کی ہو۔
ٹوئٹرپر گلوکارہ میشا شفیع نے بھی ہم ایوارڈز کی تقریب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہراسگی کے ملزمان کو میزبان بنا دیا جاتا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین بھی علی ظفر کے خلاف نظر آئے۔
یہ بھی پڑھیں: محبت کے اظہار کیلئے چہرہ نہ چھوئیں، سارا دن خراب ہوجاتا ہے۔اشنا شاہ