لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کابینہ سے خطاب کے دوران آئندہ 5سال؛ میں 5 لاکھ گھر بنا کر دینے کا اعلان کیا ہے، اجلاس کے دوران 3 میگا پراجیکٹس کی منظوری بھی دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبائی کابینہ کے 15ویں اجلاس کی صدارت کی جس میں اپنی چھت اپنا گھر اسکیم، گرین ٹریکٹر اور چلڈرن ہارٹ سرجری کے علاوہ 3 میگا پراجیکٹس کی بھی منظوری دی گئی۔
صوبائی کابینہ اجلاس کے دوران غیر قانونی اسلحہ رکھنے، پتنگ بازی پر سزائیں اور جرمانے کی حد بڑھا دی گئی۔ اس دوران پبلک اینڈ پرائیویٹ سیکٹر میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کیلئے ایم ڈی کیٹ پالیسی، پہلی پنجاب لائف انشورنس کمپنی کی بھی منظوری دی گئی۔
کابینہ اجلاس کے دوران ملک میں پہلی بار پلاٹ کے ملکیتی پیپر اور شناختی کارڈ کی کاپی پر ہاؤسنگ لون جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ طے ہوا کہ 15 لاکھ روپے قرض لینے والے کو 9سال میں 14 ہزا ر روپے ماہانہ قسط ادا کرنا ہوگی۔
دورانِ اجلاس وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر لون اسکیم کو ریوالونگ فنڈ میں تبدیل کیا گیا جبکہ عوام سے کوئی اضافی چارجز نہ لینے کا بھی فیصلہ ہوا۔ وزیر اعلیٰ کا کابینہ اجلاس سے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ ہم عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ حکومت 5سال میں 5 لاکھ گھر بنائے گی۔ پنجاب کے کاشتکاروں کو 30 ہزار ٹریکٹرز دینے کی بھی خواہش رکھتے ہیں۔ کابینہ نے گرین ٹریکٹر پروگرام کے تحت 9500 ٹریکٹر دینے کی منظوری دے دی۔ 50 ایکڑ تک اراضی مالکان کو ہر ٹریکٹر پر 10لاکھ تک کی سبسڈی دی جائے گی۔