لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پی ٹی آئی نے طالبہ سے مبینہ زیادتی کا واقعہ ایشو بنا کر پیش کیا، لڑکی کے والد اور چچا نے کہا کہ زیادتی کا واقعہ نہیں ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعے کو ایشو بنایا گیا اور انتشار پھیلانے کی کوشش کی گئی جو ہوا ہی نہیں۔ ایک من گھڑت خبر کو ایشو بنایا گیا۔ ہم واقعے میں ملوث افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے۔ تمام حقائق عوام کے سامنے رکھیں گے۔
پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے طالبہ سے زیادتی کے الزام پر مبنی واقعے کی گہرائی جانچنے کی کوشش کی۔ جس بچی کا نام لیا گیا، اسے تلاش کیا جارہا ہے لیکن ایسی کہانیاں گھڑی گئیں جن کا حقیقت میں کوئی وجود نہیں تھا۔ طلبہ کو گمراہ کیا گیا اور عوام کی جان ومال کا تحفظ میری ذمہ داری ہے۔
گفتگو کے دوران مریم نواز نے کہا کہ ایک ایسی پارٹی نے انتشار پھیلایا جسے میں دہشت گرد جماعت کہتی ہوں، یہ کہانی بھی پی ٹی آئی نے گھڑی ہے۔ اپنے جلسے جلوس فلاپ ہو گئے تو گمراہ کن پراپیگنڈہ کیا گیا۔ پی ٹی آئی نے اپنے خریدے ہوئے صحافیوں اور ٹاؤٹس کے ذریعے گند پھیلا دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ جس بچی کے ساتھ زیادتی کا کہنا گیا، وہ 2 اکتوبر سے اسپتال میں داخل ہے۔ گرنے کے باعث اس کی ریڑھ کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ پی ٹی آئی نے اپنے منصوبوں کیلئے بچوں کا استعمال کیا۔ سازش کے پیچھے کون ہے، سب جانتے ہیں۔ پی ٹی آئی نے یہ واقعہ انتشار کیلئے استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ تحریکِ انتشار کا ایجنڈا آگ لگانا ہے۔ 10اکتوبر کو واقعہ رپورٹ ہوا، اس روز بچی کالج میں موجود نہیں تھی۔ ایف آئی اے کریک ڈاؤن کرکے متعلقہ ملزمان کو گرفتار کرے، واقعے میں مدعی پنجاب حکومت کو بننا ہوگا۔