لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ریلی کی صورت میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے آفس میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے ن لیگی کارکنان کو تیاری کی ہدایت کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے 26 مارچ کو مریم نواز کو 1500 کنال زمین کی غیر قانونی طور پر منتقلی کے الزام میں تفتیش کیلئے طلب کیا۔ مریم نواز کو نیب لاہور نے ایک اور کیس کی تحقیقات کیلئے بھی اسی روز طلب کیا ہے۔
میڈیا ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی پیشی کے موقعے پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنان اور اراکینِ اسمبلی کو بھی بر وقت پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز ن لیگی کارکنان اور رہنماؤں کے جھرمٹ میں نیب آفس پہنچیں گی۔ آج نیب پیشی کے دوران ن لیگی کارکنان کی نعرے بازی اور ممکنہ احتجاج سے متعلق حکمتِ عملی کی تشکیل کیلئے اجلاس بھی طلب کر لیا گیا۔
مریم نواز پر الزام ہے کہ انہوں نے 1500 کنال کی اراضی کو غیر قانونی طور پر منتقل کرنے کیلئے ایل ڈی اے سے سازباز کی اور ماسٹر پلان تبدیل کرادیا۔ ہزاروں کنال اراضی گرین لینڈ ایریا قرار دے کر خرد برد کی گئی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل قومی احتساب بیورو (نیب) نے چوہدری شوگر ملز کیس میں ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کو ایک بار پھر طلب کر لیا۔
نیب لاہور نے5 روز قبل سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو چوہدری شوگر ملز کیس میں مزید تحقیق و تفتیش کی غرض سے طلب کیا۔سابقہ پیشی میں تحقیقات مکمل نہیں ہوسکی تھیں۔
مزید پڑھیں: چوہدری شوگر ملز کیس، نیب نے مریم نواز کو تحقیقات کیلئے پھر طلب کر لیا