مردان تعلیمی بورڈ نے سال 2025 کے میٹرک سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا جس میں محمد اطہر خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1177 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔
دوسری پوزیشن سدرہ ماہم اور روزہ سراج نے مشترکہ طور پر حاصل کی جنہوں نے 1172 نمبر لے کر نمایاں کامیابی حاصل کی جبکہ اقصیٰ رحمان نے 1170 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن کا اعزاز پایا۔
چیئرمین مردان بورڈ کے مطابق، رواں سال 76 ہزار 900 طلبہ و طالبات نے امتحانات میں شرکت کی جن میں سے 57 ہزار 880 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ یوں کامیابی کا مجموعی تناسب 75.27 فیصد رہا۔
پوزیشن ہولڈرز کی کارکردگی نے نہ صرف ان کے والدین اور اساتذہ کو فخر کا موقع دیا بلکہ یہ کامیابیاں پورے خطے کے تعلیمی معیار کا منہ بولتا ثبوت بن گئی ہیں۔
مردان بورڈ کے حکام نے تمام کامیاب طلبہ و طالبات کو دلی مبارکباد پیش کی ہے اور اُن کے تابناک تعلیمی مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
رزلٹ چیک کرنے کا طریقہ کار
طلبہ اپنا نتیجہ مردان بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ پر درج ذیل طریقے سے دیکھ سکتے ہیں، BISE مردان کی ویب سائٹ پر جائیں اور “Class 9th Result” یا “Class 10th Result” کے لنک پر کلک کریں، اپنا رول نمبر درج کریں، سبمٹ کرتے ہی نتیجہ اسکرین پر ظاہر ہو جائے گا۔