پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما منظور وسان نے عندیہ دیا کہ عام انتخابات میں پی پی پی،پی ٹی آئی کے ساتھ انتخابی اتحاد کر سکتی ہے کیونکہ کوئی بھی جماعت اکیلے کامیابی حاصل کرنے پوزیشن میں نہیں ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان سندھ کے رکن نثار درانی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ اتحادیوں کے ساتھ اقتدار میں رہنے کی وجہ سے ایم کیو ایم کا احتجاج بلا جواز ہے۔
اس سے قبل پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کے دو روزہ اجلاس کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد کے خلاف بیانات دیے تھے۔
انہوں نے مذاق میں کہا کہ نواز شریف کی وزارت عظمیٰ کو یقینی بنانے کے لیے آئین میں تبدیلی کی جانی چاہیے۔ اس سے قبل پیر کو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ وہ انتخابی شیڈول کا اعلان ہونے کے بعد ہی دوسری سیاسی جماعتوں کے ساتھ ’اتحاد‘ کرنے پر بات کر سکیں گے۔
پیر کو اوکاڑہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، سابق وزیر خارجہ نے ایک بار پھر الیکشن کمیشن آف پاکستان سے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ پارٹی اس کے مطابق اپنی انتخابی مہم کی تیاری اور آغاز کر سکے۔