دل کادورہ، شوہر چل بسا، مندرا بیدی کی یادیں آج بھی تازہ، آنکھوں میں آنسو آگئے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

مندرا بیدی
(فوٹو: آن لائن)

جون 2021 میں شوہر راج کوشل کے دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کے بعد پہلی بار عوامی سطح پر بات کرتے ہوئے اداکارہ اور ٹی وی میزبان مندرا بیدی کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔

اپنے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران بھارتی اداکارہ مندرا بیدی نے کہا کہ شوہر کے انتقال کے بعد پہلا سال بے حد مشکل تھا لیکن ایک سال بعد معاملات بہتر ہوگئے۔ میرے بچوں نے مجھے شوہر کے انتقال کے بعد اس بڑے دکھ کو جھیلنے میں مدد کی لیکن میں ہر روز راج کشل کے بارے میں سوچتی ہوں۔

بھارتی اداکارہ مندرا بیدی نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ ہم ان کو بھول ہی گئے ہوں اور پہلی بار تو یہ دکھ اتنا بڑا لگتا ہے کہ اس پر قابو پانا ہی ناممکن لگنے لگتا ہے۔ پہلی سالگرہ اور پہلی برسی اور سال کے دیگر اہم واقعات کے دوران ہم انہیں یاد کرتے رہتے ہیں تاہم دوسرے سال سے معاملات بہتر ہونے لگتے ہیں۔

اداکارہ مندرا بیدی نے کہا کہ دکھ سے فرار حاصل کرنے کیلئے میں نے اپنے آپ کو کام میں مصروف کر لیا۔ ہم پر ایسے لمحات آتے ہیں جب ہم کسی گیت کی وجہ سے راج کوشل کو یاد کرنے لگیں۔ انسان ہونے کے ناطے ہم کوئی نہ کوئی کام تو کرتے ہی رہتے ہیں اور اب طویل عرصے بعد میں اس موضوع پر بات کرنے کے قابل ہوئی۔

مندرا بیدی نے کہا کہ آنجہانی شوہر کی یاد مجھے جذباتی کردیتی ہے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ میں اس قابل ہوئی کہ اب ٹوٹ کر بکھروں گی نہیں۔ میں نے شوہر کے انتقال کے 2 ماہ گزرنے کے بعد کام شروع کردیا تھا کیونکہ مجھے اپنے آپ کو، اپنے اہلِ خانہ کو معاشی اعتبار سے مستحکم کرنا ہے۔ اپنے بچوں کیلئے کام بھی تو کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی بہت سی چیزیں مشکل لگتی ہیں۔ 6 سال پہلے مجھے ان کی گاڑی ملی تھی اور آج مجھے وہ فروخت کرنی ہے۔ کار رکھنے کی وجہ جذباتی وابستگی تھی اور اب جب یہ مجھ سے جدا ہوگی تو اس پر بھی آنسو بہاؤں گی۔ شوہر کے انتقال کے بعد میں کشور کمار کے گانے نہیں سن سکوں گی کیونکہ اس سے مجھے ان کی یاد آجائے گی۔

آخری بات کہتے ہوئے مندرا بیدی کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ خیال رہے کہ اداکارہ مندرا بیدی کے شوہر راج کوشل کا انتقال 50 سال کی عمر میں جون 2021 کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے ہوا تھا۔ انہوں نے پیار میں کبھی کبھی اور شادی کا لڈو سمیت دیگر فلموں میں ہدایتکاری کی تھی اور متعدد کمرشلز بھی بنائے تھے۔

Related Posts