پنجاب کے ضلع قصور کے علاقے پھول نگر میں مدرسے کے اندر ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک استاد نے معمولی سی بات پر کمسن طالب علم پر ظلم کی انتہا کر دی۔
قاری کے تشدد واقعہ کی ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ ویڈیو میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ مدرسے کا استاد ایک ننھے طالب علم کو ڈنڈے سے بری طرح پیٹ رہا ہے جبکہ بچہ بار بار رحم کی اپیل کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق بچہ مبینہ طور پر مدرسے میں چنے کھا رہا تھا جس پر استاد نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ بچے کے جسم پر مارپیٹ کے واضح نشانات موجود ہیں۔
متاثرہ بچے کے والد نے فوری طور پر مقامی تھانے میں استاد کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے درخواست دے دی، جس کے بعد پولیس نے حرکت میں آ کر مدرسے کے استاد کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے۔