سندھ حکومت نے کراچی سمیت سندھ بھر میں لاک ڈاؤن کا ترمیمی نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جبکہ کورونا کی روک تھام کیلئے لاک ڈاؤن کے دوران صوبے بھر میں آج سے ہونے والے امتحانات بھی ملتوی کردئیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ کاروباری مراکز آج سے 8 اگست تک بند رہیں گے۔ صحافی برادری اور میڈیا ورکرز کو کورونا ایس او پیز کے ساتھ صحافتی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔
صنعتیں کھلی رہیں گی جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی۔ دودھ، سبزی اور اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھلی رہیں گی۔ پٹرول پمپس اور میڈیکل اسٹورز بھی کھلے رہیں گے۔ آج سے ہونے والے امتحانات ملتوی ہو گئے۔
حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 55سال سے زائد العمر ملازمین کے دفاتر آنے پر پابندی عائد کردی گئی۔ سندھ بھر کے سرکاری و نجی دفاتر بند رہیں گے۔ دفاتر کے عملے کو لانے کیلئے مختص گاڑی کیلئے اجازت لینا لازمی قرار دے دیا گیا۔
کورونا کی روک تھام کیلئے ایس او پیز کے تحت عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ ڈلیوری بوائز کو کورونا ویکسینیشن کارڈز دکھانا ہوگا۔ ترمیمی نوٹیفکیشن کے مطابق 2 اگست کو کیمبرج اسکول سسٹم کا آخری پرچہ معمول کے مطابق ہوگا۔
محکمۂ داخلہ سندھ کے جاری کردہ ترمیمی نوٹیفکیشن کے تحت لاک ڈاؤن کے دوران بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بحال جبکہ انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔ کمپنیز کے ڈلیوری بوائے کو ویکسینیشن کارڈ دکھانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ثانوی تعلیمی بورڈ نے کراچی میں میٹرک کے سالانہ عملی (پریکٹیکل) امتحانات 8 اگست تک ملتوی کردیے جبکہ یونیورسٹیز بھی بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
ثانوی تعلیمی بورڈ کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سندھ حکومت کی ہدایات کے مطابق کراچی میں 31 جولائی سے 8 اگست تک لاک ڈاؤن نافذ ہوگا جس کے تحت میٹرک کے عملی امتحانات 8 اگست تک ملتوی کردیے گئے،۔ نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: میٹرک کے سالانہ عملی امتحانات ملتوی، یونیورسٹیز بند کر دی گئیں، نوٹیفکیشن