اسلام آباد: عدالت نے خاتون جج دھمکی کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی ضمانت منظور کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کے خلاف خاتون جج کو دھمکانے سے متعلق کیس کی سماعت اسلام آباد کی مقامی عدالت میں ہوئی۔ چیئرمین تحریکِ انصاف سیشن کورٹ میں سماعت کیلئے پیش ہوئے۔ عدالت نے عمران خان کی درخواست منظور کر لی۔
بیلٹ کے مقابلے میں بُلٹ سیاسی آگ لگائیگی۔ شیخ رشید
مقامی عدالت کے جج نے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا عمران خان کی طرف سے ضمانت کیلئے درخواست پہلی بار آئی ہے؟ وکیل بابر اعوان کا درخواست منظوری کی استدعا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ضمانت پہلی ہے، 13اکتوبر کیلئے ایک اور کیس بھی لگا ہوا ہے۔
سیشن کورٹ نے عمران خان کی درخواستِ ضمانت 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف مقدمہ تھانہ مارگلہ اسلام آباد میں درج کیا گیا تھا۔عمران خان خاتون جج سے معافی مانگنے کیلئے ان کی عدالت بھی پہنچے تھے۔
قبل ازیں مجسٹریٹ نے عمران خان کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔ اتوار کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی عمران خان کی ضمانت منظور کر لی تھی۔