لاہور: ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے فیصلہ کن میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائٹیڈ کو 6 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملتان سلطانز کی ٹیم پہلے ہی پاکستان سپر لیگ کے ساتویں سیزن کے فائنل میچ تک رسائی حاصل کرچکی ہے جس کا 27 فروری کو آج کی فاتح ٹیم سے مقابلہ ہوگا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 7، لاہور نے اسلام آباد کو جیتنے کیلئے 169 رنز کا ہدف دیدیا
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قلندرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 168 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
دوسری جانب اسلام آباد نے 169 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے قلندرز سے زیادہ وکٹیں گنوائیں۔ یونائٹیڈ کے پاؤل اسٹرلنگ 13، الیکس ہیلز 38 جبکہ اعظم خان نے 40 رنز بنائے۔
اسلام آباد کے دیگر کھلاڑی ٹیم کے اسکور میں زیادہ اضافہ نہ کرسکے۔ ول جیکس صفر، کپتان شاداب خان 14، لیام ڈاؤسن 12، حسن علی 6 اور محمد وسیم 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
بالنگ میں شاہین آفریدی، زمان خان اور حارث رؤف نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ اسلام آباد کی ٹیم 20ویں اوور کی چوتھی گیند تک کھیل کر 162 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔