لاہور: معروف یوٹیوبر رجب بٹ کے گھر پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث دو مشتبہ افراد کو لاہور پولیس نے گرفتار کر لیا ہے،پولیس نے یہ پیش رفت منگل، 22 جولائی 2025 کو میڈیا کے سامنے ظاہر کی۔
گرفتار ملزمان کی شناخت کاشف چوہان اور فرخ کے نام سے ہوئی ہے جنہیں مزید تفتیش کے لیے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران دونوں ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے رجب بٹ کے گھر پر فائرنگ شانی ٹائیگر نامی شخص کی ہدایت پر کی۔
مزید تفتیش میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ واردات کے وقت موٹر سائیکل پر سوار حملہ آوروں کے ساتھ گاڑی میں عثمان اور لقمان نامی افراد بھی موجود تھے۔ ان کی شناخت بھی کی جا چکی ہے اور پولیس ان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ سوشل میڈیا پر رجب بٹ اور شہزاد بھٹی کے درمیان سخت جملوں کے تبادلے کے بعد پیش آیا۔ پولیس کے مطابق شانی ٹائیگر نے مبینہ طور پر شہزاد بھٹی کی ہدایت پر فائرنگ کروانے والے افراد سے رابطہ کیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ رجب بٹ ملک چھوڑ چکے ہیں اور سوشل میڈیا پر مذہبی شخصیات سے متعلق متنازع بیانات اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کے باعث انہوں نے وی لاگنگ سے عارضی کنارہ کشی کا اعلان کر دیا ہے۔