ریاض: سعودی عرب نے پاکستان میں 10 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے پر غور شروع کردیا ہے جس سے پاکستان کے ڈیفالٹ کا خدشہ ٹل سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی میڈیا نے پاکستان میں اربوں کی سرمایہ کاری کے متعلق رپورٹ جاری کردی۔ میڈیا کا کہنا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان کی حکومت پاکستان میں 10 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کیلئے مطالعہ شروع کردیا۔
آرمی چیف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات
سعودی عرب کے وزیر اعظم محمد بن سلمان نے متعلقہ سعودی حکام کو پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے لائحۂ عمل تیار کرنے کی ہدایت کردی جبکہ ریاض حکومت اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں ڈپازٹ کی گئی رقم بھی بڑھانے کیلئے غور کر رہی ہے۔
اس حوالے سے سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں ڈیپازٹ شدہ رقم 5 ارب ڈالر تک کرنے کیلئے بھی غور کی ہدایت کردی، جس سے پاکستان کے ڈیفالٹ کرجانے کا خدشہ ٹلتا دکھائی دیتا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل آرمی چیف جنرل عاصم منیرنے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ پاک سعودی عرب تعلقات کو مضبوط اور مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
آرمی چیف اور سعودی ولی عہد کے درمیان ملاقات گزشتہ روز تاریخی علاقے العلاء میں ہوئی جہاں روایتی عرب خیمے میں شہزادہ محمد بن سلمان نے جنرل سید عاصم منیر کا خیر مقدم کیا جبکہ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور زیرِ غور آئے۔