پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، سعودی عرب نے ریکوڈک منصوبے میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کرلیا جو سونے اور تانبے کی کانوں پر مشتمل ہے۔
ایک محتاط اندازے کے مطابق ریکوڈک منصوبے سے پاکستان اربوں ڈالرز کا ریونیو حاصل کرسکتا ہے۔ جب تک سونے اور تانبے کے ان ذخائر کو حاصل نہ کرلیا جائے، یقین سے کچھ کہا نہیں جاسکتا، لیکن ریکوڈک کے مقام پر کروڑوں تولے سونا موجود ہے جو اربوں ڈالرز کی مالیت کا حامل ہے۔
یہی نہیں بلکہ ریکوڈک میں 1 کروڑ 23 لاکھ ٹن کاپر یعنی تانبا بھی موجود ہونے کے شواہد ملے ہیں جبکہ سعودی عرب کی جانب سے ریکوڈک منصوبے میں سرمایہ کاری دوست ممالک کی جانب سے اربوں کے منصوبے میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کا مظہر قرار دیا جاسکتا ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ماہرین کا ماننا ہے کہ کینیڈین کمپنی بیرک گولڈ کا ریکوڈک میں 50فیصد حصہ رکھا گیا ہے، منصوبے میں پاکستان کی وفاقی حکومت اور بلوچستان کا حصہ پچیس پچیس فیصد ہے اور سعودی عرب کروڑوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتا ہے۔
گزشتہ روز سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینئر خالد بن العزیز الفاتح کی سربراہی میں سعودی عرب کا 130 رکنی وفد پاکستان پہنچا۔ وزیر سرمایہ کاری نے پاک سعودی بزنس فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین 27 معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔