کراچی پورٹ ٹرسٹ حکام نے شہرِ قائد کے ساحل پر پھنسنے والے بحری جہاز کی روانگی کیلئے نوڈیمانڈ سرٹیفکیٹ (این ڈی سی) جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے ساحل پر پھنسنے والے بحری جہاز کو کے پی ٹی حکام نے واجبات کی ادائیگی کے بعد این ڈی سی جاری کیا جس کے بعد رواں ہفتے کے دوران ہی جہاز کی بیرونِ ملک روانگی متوقع ہے۔
سمندری آلودگی میں اضافہ، 129 کلومیٹر ساحل ڈیڈ زون میں تبدیل ہوگیا
شہرِ قائد کے ساحل پر پھنسے بحری جہاز کو کراچی بندرگاہ پہنچا دیا گیا
ہینگ ٹونگ جہاز کے مالک کی جانب سے پاکستانی اداروں کو واجبات ادا کردئیے گئے۔ بحری جہاز کا سروے بھی مکمل کر لیا گیا۔ شپنگ ایجنٹ کیپٹن عاصم کا کہنا ہے کہ جہاز کا سروے ناٹیکل سروئیر ٹیم نے مکمل کیا
بحری جہاز کو لے جانے کیلئے منگوائی گئی ٹگ بوٹ الوہاش اتوار کے روز سے موجود ہے۔ ہینگ ٹونگ کی بیرونِ ملک روانگی کیلئے وزارتِ پورٹ اینڈ شپنگ کی طرف سے اجازت نامہ (این او سی) جاری کیا جائیگا۔
پاکستان سے بحری جہاز کو پہلے متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی اور پھر قطر پہنچایا جائے گا۔ کپتان سمیت جہاز کا 14 رکنی عملہ اتار لیا جائے گا۔ ہینگ ٹونگ جولائی کے دوران کراچی میں پھنس گیا تھا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل شہرِ قائد کے ساحل پر پھنسے ہوئے بحری جہاز کو کراچی بندرگاہ پہنچا دیا گیا جبکہ جہاز پر تحقیقات کا عمل تکمیل کے مراحل تک نہ پہنچ سکا۔
سی ویو پر پھنسے بحری جہاز ہینگ ٹونگ کو 48 روز بعد کراچی بندرگاہ ستمبر میں پہنچایا گیا۔ 20 اور 21 جولائی کی درمیانی شب کیپٹن عمر کی مدد کی دہائیاں ان سنی کردی گئیں۔