اسلام آباد: سابق وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انتخابات کی تاریخ نہیں دی، نہ ہی کوئی پنڈورا باکس کھولا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان پاکستان میں لاوارث ہو گئے، مغربی دنیا میں بیٹھے ہوئے ان کے وارث فعال ہوچکے ہیں اور کچھ لابیز کام کرنے لگی ہیں۔
صدر کون ہوتا ہے الیکشن کی تاریخ دینے والا؟ مولانا فضل الرحمٰن
گفتگو کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ صدرِ مملکت نے انتخابات کی تاریخ نہیں دی بلکہ اپنی رائے دی ہے۔ ان کے خط میں بھی ایک الجھن کا عنصر ہے، خط میں کہیں نہیں لکھا کہ انتخابات اس تاریخ کو کروائے جائیں، صدرِ مملکت کو یہ اختیار بھی نہیں۔
سابق وزیرِ دفاع نے کہا کہ اپنے خط میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے الیکشن کی تاریخ کا ایک حساب لگایا۔ نواز شریف 21اکتوبر کو وطن واپسی کے بعد نئے دور کا آغاز کریں گے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنا حق مانگ رہے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے امید رکھتے ہیں کہ وہ ایک نئے دور کا آغاز کریں۔ موجودہ دور میں 3 ماہ کے اندر الیکشن کے انعقاد کا امکان نہیں۔ سی سی آئی میٹنگ میں الیکشن آگے بڑھانے کیلئے دستخط تو پی پی پی نے بھی کیے تھے۔