معروف امریکی سوشل میڈیا شخصیت، بزنس وومن و پوڈ کاسٹر کلوئی کارڈیشین نے برسوں سے جاری قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے اپنے چہرے پر کرائی گئی پلاسٹک سرجری اور دیگر جمالیاتی تبدیلیوں کی مکمل تفصیلات شیئر کر دیں۔
یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی جب لندن کے معروف جمالیاتی ماہر ڈاکٹر جونی بیٹرج نے ان کی حالیہ ویڈیو کا تجزیہ کرتے ہوئے متعدد ممکنہ سرجریوں کا دعویٰ کیا۔
جے بی ایستھیٹکس کے بانی ڈاکٹر جونی بیٹرج نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے 27 جون کو وینس میں جیف بیزوس اور لورین سانچیز کی شادی میں کلوئی کی شرکت کے دوران ان کے چہرے میں نمایاں تبدیلیوں کی نشاندہی کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ تبدیلیاں صرف ناک کی سرجری اور فلرز سے ممکن نہیں بلکہ ان کے خیال میں کلوئی نے چہرہ اور گردن اٹھانے کی سرجری (فیس لفٹ)، بھنوؤں کو اوپر کرنے کی سرجری (ٹیمپورل برو لفٹ)، آنکھوں کی اوپری جھریاں ختم کرنے کا عمل (بلیفروپلاسٹی)، ٹھوڑی میں امپلانٹ اور دیگر چہرے کے حصوں پر بھی تبدیلیاں کرائی ہیں۔
ڈاکٹر بیٹرج نے دعویٰ کیا کہ کلوئی کے چہرے کا جبڑا اب زیادہ متوازن اور نوکیلا ہے، گردن سخت اور کھنچی ہوئی لگتی ہے، بالوں کی لکیر پیچھے چلی گئی ہے، سائیڈ برن چھوٹے ہو گئے ہیں اور کان کی لَو بھی تبدیل محسوس ہوتی ہے، جو تمام علامات پلاسٹک سرجری کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔
کلوئی کارڈیشین نے اس تجزیے پر خاموشی اختیار نہیں کی۔ انہوں نے اس ویڈیو کے کمنٹس سیکشن میں جا کر خود وضاحت پیش کی اور صاف الفاظ میں بتایا کہ وہ کن کن طریقوں سے گزر چکی ہیں۔
کلوئی نے واضح کیا کہ ان پر لگائے گئے الزامات حقیقت سے بہت بڑھا چڑھا کر پیش کیے گئے ہیں اور ان کے چہرے کی تبدیلی کا زیادہ تر تعلق ان کی طرز زندگی اور وزن میں نمایاں کمی سے ہے۔
کلوئی نے اس بات پر زور دیا کہ حقیقت اور قیاس آرائی میں فرق ہوتا ہے اور لوگوں کو کسی کے بارے میں بات کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کرنی چاہیے۔
بعدازاں ڈاکٹر بیٹرج نے بھی وضاحت کی کہ ان کا تجزیہ صرف پیشہ ورانہ مشاہدے پر مبنی تھا اور انہیں ذاتی طور پر کلوئی کے کسی بھی علاج کے بارے میں معلومات حاصل نہیں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ ویڈیو صرف ایک اندازہ تھی، کوئی حتمی یا مستند بیان نہیں۔
انٹرنیٹ پر اس ویڈیو نے تیزی سے مقبولیت حاصل کی، تاہم کلوئی کے مداحوں نے ان کی سچائی بیان کرنے کی تعریف کی۔ بہت سے افراد نے انہیں سراہا کہ انہوں نے ایسے شعبے میں سچ بولا جہاں اکثر لوگ خاموشی اختیار کرتے ہیں۔
کلوئی کارڈیشین کی یہ نئی تصاویر اور اعترافات ان کے مداحوں کے لیے نہ صرف حیران کن بلکہ متاثر کن بھی ثابت ہوئے، خاص طور پر اس وقت جب وہ ایک بڑی سلیبرٹی تقریب میں پہلے سے کافی مختلف اور متاثر کن انداز میں نظر آئیں۔