سان فرانسسکو کے مشہور چیس سینٹر میں ہونے والے کنسرٹ کے دوران عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ کیٹی پیری ایک انتہائی سنسنی خیز لمحے سے گزریں جب لائف ٹائمز ٹور کے دوران انہیں ایک تتلی کے ذریعے ہوا میں اٹھایا جا رہا تھا اور اچانک اس ڈیوائس میں خرابی آ گئی جس سے کیٹی پیری فضا میں جھولنے لگیں اور گرنے کے قریب تھیں تاہم کوئی حادثہ پیش نہیں آیا۔
اس خطرناک لمحے میں گلوکارہ کے چہرے پر خوف نمایاں تھا، وہ گانا روک کر ڈھانچے کو مضبوطی سے تھام گئیں اور اوپر کی جانب پریشانی سے دیکھنے لگیں۔
چند لمحوں کی خاموشی کے بعد کیٹی پیری نے نہ صرف خود کو سنبھالا بلکہ حیرت انگیز پیشہ ورانہ انداز میں دوبارہ گانا شروع کیا اور کنسرٹ کو مکمل کیا۔ مداحوں نے ان کی ہمت اور تحمل پر زبردست داد دی۔
اگلے دن کیٹی پیری نے واقعے کو ایک مزاحیہ انداز میں انسٹاگرام پر شیئر کیا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں دو تصویریں لگائیں ایک میں وہ باتھ ٹب میں پر سکون انداز میں لیٹی ہوئی تھیں اور دوسری میں حادثے کے بعد گاؤن پہن کر اسٹیج سے نکل رہی تھیں۔ کیپشن میں انہوں نے لکھاکہ سان فرانسسکو، شب بخیر۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے پر مداحوں کی جانب سے زبردست ردعمل آیا۔ کئی افراد نے اس واقعے کا موازنہ بیونسے کے حالیہ کنسرٹ حادثے سے کیا۔
مداحوں نے اس پورے واقعے میں کیٹی کی بہادری، مزاحیہ انداز اور فنی مہارت کو خوب سراہا اور اسے ایک یادگار لمحہ قرار دیا۔