کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں ایک خاتون کی پولیس اہلکاروں سے تلخ کلامی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں وہ پولیس پر اثر و رسوخ رکھنے کا دعویٰ کرتی نظر آ رہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیفنس کے علاقے میں پولیس نے ایک خاتون کی گاڑی کے کالے شیشے اتارے، جس پر وہ شدید برہم ہو گئیں۔ خاتون نے پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کرتے ہوئے کہاکہ یہ کالے شیشے کیوں ہٹائے جا رہے ہیں؟ میں نے پولیس خریدی ہوئی ہے۔ میں ایک سال سے اسی طرح گاڑی چلا رہی ہوں۔
پولیس اہلکار نے انہیں احترام سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں بہن کی طرح سمجھ کر بات کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود خاتون نے بدتمیزی جاری رکھی اور پولیس اہلکاروں کو بدعنوان قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ سب کرپٹ ہیں، درخشاں اور ساحل تھانے کے افسران سے جا کر پوچھیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کے رویے اور ان کے دھمکی آمیز رویے کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اگر اعلیٰ حکام کی ہدایت ملی تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ خاتون بظاہر نشے کی حالت میں تھیں اور سگریٹ نوشی بھی کر رہی تھیں۔ جب پولیس نے ان کی گاڑی روکی تو انہوں نے دھمکیاں دینا شروع کر دیں اور نازیبا الفاظ استعمال کیے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق صورتِ حال کو قابو میں رکھنے کے لیے ایک ڈی ایس پی کو طلب کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی بھر میں کالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی جاری ہے اور جو بھی پولیس کو دھمکانے کی کوشش کرے گا، اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔