کراچی: پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی نصرت واحد نے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی اور مسائل کے حل کیلئے 11 سو ارب روپے کا پیکیج تاریخی ہے جس سے پانی کی قلت، نالوں کی صفائی، سیوریج سسٹم اپ گریڈ، سالڈ ویسٹ، ٹرانسپورٹ، کراچی سرکلرریلوے اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت ودیگر مسائل حل ہوں گے۔
ان تمام امور کو کمیٹی پی سی آئی سی مانیٹر کرے گی جس سے کرپشن پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ذاتی دلچسپی لے کر کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے ایک اچھا اقدام اٹھایا ہے۔
پی ٹی آئی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی شہر کے دیرینہ مسائل سے آگاہ ہیں اور انہوں نے ہر موقع پر اس جانب وزیر اعظم کی توجہ مرکوز کرائی ہے۔ شہر کی تباہ حال صورتحال پر شہر کے عوام، تاجر برادری، سیاسی و سماجی تنظیمیں اور تمام مکاتب فکر کے افراد پریشان تھے اور وہ چاہتے تھے کہ شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے ایک جامع منصوبہ ہونا چاہئے۔
نصرت واحد نے مزید کہا کہ کراچی پیکیج شہر کی ترقی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ ہم مشکل حالات میں شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ برساتی پانی کی نکاسی کیلئے ایک جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے۔