باب الاسلام سندھ کے دارالحکومت اور روشنیوں کے شہر کے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ سطحِ سمندر میں مسلسل اضافے کے پیشِ نظر کراچی 2060 تک ڈوب سکتا ہے جبکہ رواں برس گرمی کا 74 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
تفصیلات کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ 2030 تک سطحِ سمندر میں 10 فیصد اضافے کاخدشہ ہے۔ برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے ریلیز کی گئی معلومات کے مطابق بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اسی رفتار سے سطحِ سمندر میں اضافہ ہوتا رہا تو 2060 تک کراچی مکمل طور پر ڈوب سکتا ہے۔ 2030 تک ساحلی طوفان کے باعث املاک کو 10 گنا نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
آج سے کوپ 26 موسمیاتی سمٹ شروع ہورہی ہے جس میں پاکستان اور برطانیہ دنیا کے سرسبز مستقبل کے حوالے سے اقدامات پر روشنی ڈالیں گے۔ ایونٹ میں 25ہزار سے زائد بین الاقوامی مندوب، سیاسی رہنما اور کاروباری حضرات شریک ہوں گے جبکہ پاکستان کے ساتھ ساتھ برطانیہ بھی گرین ہاؤس افیکٹ کم کرنے میں اہم کامیابیاں حاصل کرچکا ہے۔
بین الاقوامی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے سب سے زیادہ خطرے سے دوچار ممالک کی فہرست میں 8ویں نمبر پر آتا ہے۔ 2100 تک ہندو کش، ہمالیائی رینج اور 36 فیصد گلیشیئرز کے اختتام کا انتباہ جاری کردیا گیا۔ برطانیہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے 70لاکھ پاؤنڈ گرانٹ اور تکنیکی امداد دے گا۔
رواں برس کے آغاز پر برطانیہ فضائی معیار کی بہتری، سموگ میں کمی لانے اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے نیا پروگرام شروع کرچکا ہے جبکہ جی 7 ممالک موسمیاتی فنانس کے اہداف میں 100 ارب ڈالر اضافے کا عہد کرچکے ہیں۔ آئندہ 5سال میں برطانیہ پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرکے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں مدد کرے گا۔