کے الیکٹرک کی ای ایچ ٹی لائن ٹرپ ہو گئی ہے جس کے باعث کراچی کے کئی علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک ذرائع کا کہنا ہے کہ لائن ٹرپ ہونے کے باعث شہر کے کئی گرڈ اسٹیشنز ٹرپ کر گئے۔ گرڈ اسٹیشنز ٹرپ ہونے کی وجہ سے شہر کے کئی علاقے بجلی سے محروم ہیں۔
شہرِ قائد کے علاقے لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، لیاری، اولڈ سٹی ایریا، نیو کراچی، گلشنِ اقبال، بفر زون، شادمان، سر سید ٹاؤن، کلیانہ ٹاؤن، ناگن چورنگی، سرجانی، ایف بی ایریا، نارتھ ناظم آباد اور گلستانِ جوہر میں بجلی معطل ہوگئی۔
منظور کالونی، پی ای سی ایچ ایس، بلاک 6 اور 2 میں بھی برقی رو معطل ہوگئی۔گرمی کے موسم میں بجلی بند ہونے کے باعث شہری مشکلات کا شکار ہیں۔ عوام کی بڑی تعداد گھروں میں گرمی کی شدت سے بچنے کیلئے باہر نکل آئی۔
اس حوالے سے کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کراچی کے کچھ علاقوں میں بجلی معطل ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس پر ہم ہنگامی انداز میں کام کر رہے ہیں۔ ممکنہ تکنیکی خرابی پر جلد قابو پالیا جائے گا۔
کے الیکٹرک کے مطابق 220 کے وی ہائی ٹنشن لائن ٹرپ کرنے کی وجہ سے منسلک گرڈ اسٹیشنز پر بجلی کی فراہمی پر منفی اثر پڑا۔سسٹم میں لوڈ موجود ہے اور بحالی جلد ممکن ہے۔بحالی کا عمل شروع کردیا گیا ہے جو 1 گھنٹے میں مکمل ہوجائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت کی بجلی 1 روپے 72 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری