کراچی: جمعیت علمائے اسلام سندھ کے زیر اہتمام طوفان اقصٰی و سندھ امن مارچ کے اختتام پر طوفان اقصیٰ کانفرنس آج شام کو ہوگی۔ جس سے جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سمیت فلسطین اور حماس کے رہنما خطاب کریں گے۔
جے یو آئی کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کراچی کے تمام اضلاع سے قافلے ساڑھے 3 بجے جلسہ گاہ پہنچیں گے جس کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ اہل کراچی فلسطینی مسلمانوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرکے ثابت کریں کہ کراچی اسلام پسندوں کا شہر ہے۔ کانفرنس شاہراہ قائدین پر ہوگی۔
جے یو آئی رہنما قاری عثمان کے مطابق 2 نومبر کو فلسطینی مظلوم مسلمان بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے تاریخ ساز کانفرنس ہوگی، جس کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ تمام اضلاع کے قافلے شیڈول کے مطابق ساڑھے 3 بجے شاہراہ قائدین پہنچیں گے۔
جے یو آئی کا اقصیٰ مارچ۔ کراچی پولیس نے ٹریفک پلان جاری کردیا
انہوں نے کہا کہ ضلع کیماڑی کے قافلے شیرشاہ چوک پر 3 بجے جمع ہونگے اور شیرشاہ چوک سے براستہ آئی سی پل ساڑھے 3 بجے شاہراہ قائدین پہنچیں گے۔ تمام کارکنان اپنی تیاریاں مزید تیز کرتے ہوئے گھر گھر طوفان اقصٰی کانفرنس کی دعوت پہنچائیں۔
جے یو آئی رہنما قاری عثمان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی دہشت گرد اسرائیل غزہ کے مظلوم مسلمانوں پر تاریخ کے بدترین مظالم ڈھا رہا ہے۔ مسلم حکمرانوں کی خاموشی شرمناک ہے۔ خون مسلم اتنا ارزاں ہوگیا ہیکہ دن دہاڑے ہزاروں بچے، عورتیں اور نوجوان شہید کیے جا رہے ہیں۔