جمعیت علمائے اسلام شیرشاہ کے امیر مولانا عظیم اللہ عثمان نے ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن فیضان سے جے یو آئی وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا عظیم اللہ عثمان نے کہا کہ ضلع کیماڑی سمیت شیرشاہ کالونی میں امن و امان کی صورتحال سازگار نہیں ہے۔ آئے دن ڈکیتیوں اور چوریوں کے بڑھتے واقعات تشویشناک ہیں۔ مختلف غیر قانونی سرگرمیاں جاری ہیں۔ غیر مقامی افراد غیر قانونی طور پر رہائش پذیر ہیں اور مختلف وارداتوں میں ملوث پائے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
خلائی مشن کامیاب، بھارت چاند پر پہنچنے والا چوتھا ملک بن گیا
انہوں نے کہا کہ شیرشاہ میں ہر مہینے ایس ایچ او تبدیل ہوتا ہے جو سمجھ سے بالاتر ہے۔ جرائم پر قابو نہ پانے کی ایک وجہ آئے دن ایس ایچ اوز کی تبدیلی بھی ہے۔
مولانا عظیم اللہ عثمان نے مزید کہاکہ آپکے سابقہ ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے ہم امید کرتے ہیں کہ آپ کی آمد نیک شگون ثابت ہوگی اور جرائم کے خاتمے میں اچھی پیش رفت ہوگی۔
ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن فیضان نے مولانا عظیم اللہ عثمان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ امن و امان کا قیام میری اولین ترجیح ہے۔ غیر قانونی سرگرمیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ قانون کی بالادستی کو چیلنج کرنے والوں کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے موقع پر متعلقہ افسران کو اہم احکامات بھی جاری کئے۔ کیپٹن فیضان نے مولانا عظیم اللہ عثمان کا شکریہ ادا کیا اور انکی کمیونٹی پولیسنگ کے حوالے سے کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم آپکی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
وفد میں مفتی انعام اللہ، مولانا محمد ندیم، چوہدری آصف شامل تھے۔