لاہور: نامعلوم حملہ آوروں نے لاہور پریس کلب کے باہر گاڑی پر فائرنگ کر کے ایک صحافی کو بے دردی سے کرقتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق حسنین شاہ نجی ٹی وی چینل میں کرائم رپورٹر تھے۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ حسنین شاہ پریس کلب کے باہر اپنی گاڑی میں بیٹھے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار ملزمان نے انہیں روکا اور گولی مار دی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
لاہور کے سی سی پی او فیاض احمد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (PFJU) کے صدر شہزادہ ذوالفقار اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے واقعے کی مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت شہر میں امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام رہی ہے۔
لاہور اکنامک جرنلسٹ ایسوسی ایشن نے بھی قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کی جانیں محفوظ نہیں اور انتظامیہ انہیں تحفظ دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔
لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چوہدری نے کہا کہ دن دیہاڑے پریس کلب کے سامنے صحافی کا قتل حکومت کے لیے لمحہ فکریہ ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اس واقعے پر کوئی کان نہیں دھرے گااور اگر ملزمان کو جلد نہ پکڑا گیا تو حکام ذمہ دار ہوں گے۔
مزید پڑھیں: کراچی کی3 بڑی امام بارگاہوں پر حملوں کا خطرہ