پولینڈ میں اپنے 56ویں سالگرہ کے کنسرٹ کے دوران مشہور امریکی گلوکارہ اور اداکارہ جینیفر لوپیز نے ایک دلچسپ لمحے میں پیشہ ورانہ انداز سے لباس کی خرابی کو سنبھال لیا۔
جمعرات 24 جولائی کو ہونے والے اس کنسرٹ میں، جب ہجوم نے سالگرہ کا گانا گایاتو اچانک ان کی چمکتی ہوئی سنہری اسکرٹ اسٹیج پر گر گئی۔ جینیفر نے فوری طور پر ردعمل دیتے ہوئے مسکراہٹ کے ساتھ اسٹیج پر چلنا جاری رکھا اور کہا کہ میں یہاں صرف زیر جامہ میں ہوں۔
بعدازاں انہوں نے وہ اسکرٹ مجمع کی جانب اچھال دی اور اختتام پر ہنستے ہوئے کہا کہ شکر ہے میں نے اندرونی لباس پہن رکھا تھاکیونکہ میں عموماً نہیں پہنتی!
جس مداح کے ہاتھ یہ سکرٹ لگی، اسے مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہاں، تم اسے رکھ سکتے ہو۔ میں اسے واپس نہیں لینا چاہتی۔
یہ واقعہ کنسرٹ کی وڈیو میں تقریباً دو منٹ کے بعد پیش آتا ہے۔
یہ کنسرٹ پولینڈ کے پی جی ای ناردوو اسٹیڈیم میں ہوا، جو جینیفر لوپیز کے اپ آل نائٹ لائیو ٹور کا حصہ ہے۔ یہ دورہ 8 جولائی کو اسپین سے شروع ہوا۔
اس سے قبل گزشتہ موسم گرما میں وہ دس از می، لائیو کے عنوان سے دورے کا ارادہ رکھتی تھیں تاہم ٹکٹوں کی کم فروخت اور بین ایفلیک سے علیحدگی کی خبروں کے باعث انہوں نے دورہ منسوخ کر دیا تھا۔ اس جوڑے کی طلاق رواں برس مکمل ہو چکی ہے۔
ایک انٹرویو میں جینیفر نے کہا تھا کہ مجھے بہت افسوس تھا کہ لوگوں کو مایوس کیا لیکن مجھے اپنے بچوں اور خود کے ساتھ وقت گزارنے کی ضرورت تھی۔ میری زندگی میں جو کچھ ہو رہا تھا، اس کی تہہ تک پہنچنے کے لیے یہ وقت ضروری تھا۔
یہ میری زندگی کا سب سے مشکل وقت تھا، لیکن اسی وقت نے مجھے خود پر کام کرنے کا موقع دیا، جو میرے لیے بہترین ثابت ہوا۔
جینیفر نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے مداح دنیا کے سب سے زیادہ سمجھدار اور محبت کرنے والے لوگ ہیں۔ کچھ مداح تند و تیز بھی ہو سکتے ہیں مگر میرے تو صرف محبت کرنے والے ہیں۔
یہ 19 مقامات پر مشتمل کنسرٹ دورہ یورپ، مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے مختلف شہروں میں منعقد ہوگا، جس کا اختتام 10 اگست کو الماتی، قازقستان میں ہوگا۔
مزید برآں جینیفر لوپیز جلد ہی بڑے پردے پر واپسی کریں گی۔ ان کی آنے والی فلم کِس آف دی اسپائیڈر وومن ایک موسیقی پر مبنی ڈرامہ ہے، جسے معروف ہدایتکار بل کونڈن نے بنایا ہے۔
یہ فلم 10 اکتوبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی اور دو قیدیوں کی کہانی بیان کرتی ہے جو ہالی ووڈ کے ایک میوزیکل کے ذریعے ایک غیر متوقع رشتہ قائم کرتے ہیں۔
یہ فلم مانویل پیوگ کے ناول پر مبنی ہے، جس پر 1985 میں فلم اور 1993 میں براڈوے میوزیکل بھی بن چکے ہیں۔