اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون کو سپریم کورٹ کا رجسٹرار مقرر کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کو قاضی فائز عیسیٰ نے چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف اٹھانے کے بعد مختلف تقرریاں کی ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان کی تاریخ میں سپریم کورٹ کی پہلی خاتون رجسٹرار بننے والی جزیلہ اسلم کون ہیں؟
اس حوالے سے سپریم کورٹ سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق جزیلہ اسلم سپریم کورٹ آف پاکستان میں تقرری سے قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی حیثیت سے کام کر رہی ہیں۔ وہ اس سے قبل اسی عہدے پر قصور اور سیالکوٹ میں بھی کام کر چکی ہیں۔ وہ پنجاب میں سب سے سینئر خاتون ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہیں۔
ان کی تقرری آئین سے ہم آہنگ ہے جو لازم کرتا ہے کہ عدلیہ انتظامیہ سے الگ ہو اور وہ سپریم کورٹ اسٹیبلشمنٹ سروس رولز 2015 میں مقرر معیار سے کہیں زیادہ اہلیت اور تجربہ رکھتی ہیں۔
پریس ریلیز کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی بار سپریم کورٹ میں کسی خاتون کی بطور رجسٹرار تقرری کی گئی ہے جو قابل تحسین ہے، ایک ملازمت پیشہ خاتون جو تین بچوں کی ماں اور خواتین ججوں کے لیے ایک روشن مثال ہیں۔