عام انتخابات کی تاریخ سامنے آنے کے بعد ن لیگی رہنما جاوید لطیف نے عمران خان کو سیاسی میدان میں مقابلے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ کون کتنا مقبول ہے، یہ پتہ چل جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں ن لیگی رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان کے کیسز کے فیصلے سنا کر الیکشن تک سیاسی میدان میں لایا جائے، لگ پتہ جائے گا کہ کون کتنی شہرت رکھتا ہے۔
وہی وعدے کریں گے جو پورے ہو سکیں،جہانگیر ترین، عبدالعلیم خان
بیان میں سابق وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا کہ ایک ملزم کو فائیو اسٹار ہوٹل جیسی لگژری لائف دی جارہی ہے، 8 کمرے، 10 ڈاکٹر، اٹیچڈ باتھ روم، لگژری فرنیچر اور ایکسر سائز مشینیں فراہم کی جارہی ہیں۔
ن لیگی رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان پوری قوم کیلئے قابلِ تعریف ہے۔ لیول پلیئنگ فیلڈ سب کیلئے ہونی چاہئے۔ عمران خان کو آج بھی سہولیات دی جارہی ہیں۔ایک مزدور بھی جانتا ہے کس منصوبے کا ماسٹر مائنڈ کون ہے۔
جاوید لطیف نے کہا کہ پاکستان میں منصفانہ انتخابات وقت کی ضرورت ہے، عمران خان کے کیسز لٹکائے جارہے ہیں۔ جیل کے تمام قیدیوں کو بھی عمران خان جیسی سہولیات دی جانی چاہئیں۔ نواز شریف کے خلاف کئی پہلوان اکٹھے کرکے کھڑے کیے جاتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بہت سے ایسے اقدامات ہیں جن سے ریاست کو نقصان اور عالمی قوتوں کو فوائد پہنچے۔ دنیا میں کسی کو لائف ٹائم نااہل کرنے والی بات کہیں نہیں ہے۔ ہم کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کے خلاف سب سے پہلے کھڑے ہوں گے۔