ممبئی: معروف اداکارہ جھانوی کپور نے لکمی فیشن ویک کے دوران ڈیزائنر راہول مشرا کے لیے بطور شو اسٹاپر ریمپ پر جلوہ گر ہو کر توجہ حاصل کر لی۔
واک کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو صارفین نے ان کی کارکردگی پر تنقید شروع کر دی اور اسے “غیر متوازن” اور “جلد بازی پر مبنی” قرار دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کئی سوشل میڈیا صارفین نے تبصرہ کیا کہ فیشن ڈیزائنرز کو پیشہ ور ماڈلز کو موقع دینا چاہیے نہ کہ فلمی ستاروں کو۔ جھانوی کپور نے کالے رنگ کے بندھنی باڈی کون گاؤن کے ساتھ ایک لمبا بلیک کوٹ اور اونچی ایڑھی والے جوتے پہن کر واک کی۔
رپورٹ کے مطابق واک کے دوران جھانوی نے اپنا کوٹ اتارا، ایک مخصوص پوز دیا اور اعتماد کے ساتھ ریمپ پر آگے بڑھتی رہیں۔ لیکن سوشل میڈیا صارفین ان کی واک سے متاثر نہ ہو سکے۔
انسٹاگرام پر ایک صارف نے لکھا، “یہ اصل ماڈلز کی توہین ہے۔” ایک اور نے طنز کیا، “کیا کہ نیپو اسٹارز کے لیے اب ریمپ پر اچھلنا نیا ٹرینڈ ہے؟ جبکہ کسی اور نے لکھا، “پو (کبھی خوشی کبھی غم کا کردار) ہوتا تو چیخ کر کہتا مائنس!” ایک اور تبصرہ تھا، “بہت زیادہ ڈرامائی! ریتم ختم ہو گیا۔ ایسے لگ رہا ہے جیسے کوئی نوجوان پہلی بار ہائی ہیلز پہن کر چلنے کی کوشش کر رہا ہو۔”
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب جھانوی کپور کی ریمپ واک پر تنقید ہوئی ہو۔ پچھلے سال جب وہ پیرس ہاٹ کُوتور ویک میں راہول مشرا کے لیے واک کر رہی تھیں تو صارفین نے ان کی چال کو “نیند میں چلنے” سے تشبیہ دی تھی۔
یاد رہے کہ جھانوی کپور جلد ہی رام چرن کے ساتھ فلم “پیڈی” میں نظر آئیں گی۔ اس کے علاوہ وہ “سنی سنسکاری کی تُلسی کماری” اور “پرم سندری” کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔