لاہور:استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن ان چیف جہانگیر خان ترین اور پارٹی صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی عام انتخابات کے لیے تیار ہے اور ہم بھر پور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
حافظ آباد میں پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی صرف وہی وعدے کرے گی جو پورے ہو سکیں، ہم مزدور کی کم از کم اجرت ماہانہ 50 ہزار روپے کریں گے، ساڑھے بارہ ایکٹر اراضی کے کسانوں کو ٹیوب ویل کے لئے مفت سولر دیں گے جبکہ شہریوں کا 300 یونٹ تک بجلی کا بل حکومت ادا کرے گی۔
صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے کہ نئے پاکستان اور تبدیلی دیکھنا ہو تو بزدار اور فرح گوگی کے گھر جا کر دیکھنا ہو گی کیونکہ عام آدمی پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کسانوں کو خوشحال کر کے ملک کو خوشحال کیا جا سکتا ہے، اسی طرح نوجوان ہمارا کل ہے ہم پڑھے لکھے نوجوان کو اپنے کاروبار کے لئے بلا سود قرضے دیں گے، خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنائیں گے۔
عبدالعلیم خان نے لوگوں سے کہا کہ آزمائے ہوئے چہروں کو پہچانیں کیونکہ یہ ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور ہیں، ہم امیروں سے پیسہ نکلوا کر غریبوں کو ریلیف دینگے، موٹر سائیکل سواروں کو پٹرول آدھی قیمت پر ملے گا۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ مایوسی کی بات نہیں ہم اس ملک کو مستحکم کریں گے اور پارٹی صدر عبدالعلیم نے جو منشور دیا ہے اس پر عملدرآمد کر کے دکھائیں گے۔ انہوں نے حافظ آباد کی عوام کا کلاس شاندار استقبال پر شکریہ ادا کیا۔
عامر محمود کیانی، کرنل (ر) ہاشم ڈوگر، مامون جعفر تارڑ، اسحاق خان خاکوانی، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، رانا نذیر احمد خان،ڈاکٹر مراد راس، عون چوہدری، شعیب صدیقی، اخلاق حسین اور سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھے۔