وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گدھے کا گوشت فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس پر فوڈ اتھارٹی حرکت میں آگئی۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ترنول کے مقام پر غیر ملکی شہری کی جانب سے گدھے کا گوشت فروخت کیا جارہا تھا، جس پر فوڈ اتھارٹی نے چھاپہ مارا۔
اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق ترنول میں موجود ایک فارم ہاؤس پر گدھے رکھے گئے تھے، جہاں سے چھاپے کے وقت بڑی تعداد میں گدھے برآمد بھی ہوئے ہیں۔
چھاپے کے دوران ذبیحہ گدھوں کا گوشت بھی برآمد ہوا جس کو موقع پر ہی تلف کردیا گیا جبکہ زندہ گدھوں کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
چھاپے کے وقت پولیس کی بھاری نفری بھی فوڈ اتھارٹی کے حکام کے ہمراہ تھی۔ گوشت فروخت کرنے والے غیر ملکی شخص کی شناخت فی الحال ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق فارم سے تقریبا 60 گدھے برآمد کیے گئے جبکہ 25 من گوشت کو تلف کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے تصدیق کی کہ موقع پر موجود ایک غیر ملکی شہری کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا جبکہ گوشت کی سپلائی والے علاقوں کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گوشت بیرون ملک سپلائی کیا جاتا تھا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ شہر میں محفوظ غذا کی فراہمی کے لیے فوڈ اتھارٹی دن رات کوشاں ہے۔