سندھ کے ضلع بدین میں کاروکاری کے الزام میں ایک اور انسانیت سوز واقعہ سامنے آگیا، جہاں دادا نے مبینہ طور پر اپنی کمسن پوتی کو چھریوں کے وار سے قتل کردیا۔
یہ دل دہلا دینے والا واقعہ تھانہ ترائی کی حدود میں واقع گاؤں آدم ابڑو میں پیش آیا جہاں اطلاعات کے مطابق بزرگ شخص نے غیرت کے نام پر اپنی ہی پوتی کو زندگی سے محروم کر دیا۔
پولیس کے مطابق لڑکی کی لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ اسپتال بدین منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ملزم کی تلاش اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
واقعے نے نہ صرف علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے بلکہ ایک بار پھر سندھ میں کاروکاری کے نام پر خواتین پر ہونے والے مظالم کو بے نقاب کر دیا ہے۔
انسانی حقوق کے کارکنوں نے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قاتل کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے، تاکہ معاشرے میں ان جرائم کی روک تھام ہو سکے۔
یہ واقعہ اس تلخ حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ غیرت کے نام پر قتل جیسے جرائم اب بھی ہمارے معاشرے میں زندہ ہیں اور ان کے خلاف منظم اقدام کی اشد ضرورت ہے۔