بالی ووڈ کے مشہور اداکار نواز الدین صدیقی کی نئی فلم “کوسٹاؤ”ایک حقیقی کہانی پر مبنی ہے، یہ فلم گووا کے ایک بے خوف اور ایماندار کسٹمز افسر کوسٹاؤ فرنانڈیس کی زندگی اور جدوجہد کی عکاسی کرتی ہے جو 1990 کی دہائی میں سونے کی اسمگلنگ کے ایک طاقتور نیٹ ورک کے خلاف تنہا کھڑے ہوئے۔
کوسٹاؤ نے اپنی فرض شناسی کے باعث گووا میں ایک بڑے اسمگلنگ کیس کا پردہ چاک کیاجس میں سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والے افراد بھی ملوث تھے۔
اس کاروائی کے دوران ان پر قاتلانہ حملہ بھی ہوا اور بعدازاں ان پر قتل کا مقدمہ بھی دائر کیا گیاتاہم ان کی شجاعت اور قربانی کو تسلیم کرتے ہوئے 1996 میں انہیں صدراتی اعزاز سے نوازا گیا۔
فلم “کوسٹاؤ” کی ہدایت کاری سیجل شاہ نے کی ہے، جب کہ کہانی بھویش منڈالیا اور میگھنا سریواستو نے تحریر کی۔ فلم کو یکم مئی 2025 کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم ذی فائیو پر ریلیز کیا گیا ہے اور یہ تیزی سے ناظرین کی توجہ حاصل کر رہی ہے۔
فلم میں نوازالدین صدیقی کی اداکاری کو خاص طور پر سراہا جا رہا ہے جنہوں نے کوسٹاؤ کے کردار میں وہ تمام جذبات، کشمکش اور ایمانداری کا اظہار کیا ہے جو ایک حقیقی ہیرو کی پہچان ہوتے ہیں۔ فلم نہ صرف ایک کرائم ڈرامہ ہے بلکہ اس میں سچائی، قربانی اور نظام سے لڑنے والے ایک سچے افسر کی کہانی بیان کی گئی ہے۔
فلم کوسٹاؤ دیکھنے والوں کو ایک ایسا پیغام دیتی ہے کہ سچ کا راستہ کٹھن ضرور ہوتا ہے، مگر انجام کار کامیابی انہی کا مقدر بنتی ہے جو حق پر ڈٹے رہتے ہیں۔ یہ فلم نہ صرف ناظرین کو تفریح فراہم کرتی ہے بلکہ ایک متاثرکن اور سبق آموز حقیقت سے بھی روشناس کراتی ہے۔