سوشل میڈیا پر مسلسل یہ خبریں آ رہی ہیں کہ اڈیالہ جیل میں قید پی ٹی آئی کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ کو سحری کیلئے کھانا نہیں دیا جارہا، جس کے باعث وہ بغیر کچھ کھائے پئے روزے رکھ رہے ہیں، تاہم اب اس حوالے سے وضاحت آگئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے بہت افواہیں پھیلائی گئیں، بانی پی ٹی آئی کا معمول کا چیک اپ ہوا وہ بالکل ٹھیک ہیں، بانی کو سحری نہ دینے کی باتوں میں صداقت نہیں۔
سلمان اکرم راجا نے اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی کو سحری نہ دینے، عبادت سے روکنے کی باتیں غلط ہیں، وہ قوم کی خاطر جیل میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی نے کہا کہ جو لیڈر شپ پر حملہ آور ہوتے، ایسا بھگوڑے کرتے ہیں، وہ عوام میں اپنی جگہ بنانے کے لئے ایسا کرتے ہیں۔
تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو پارٹی سے کوئی شکایت نہیں، ان کی سیاسی رفقاء سے 5 ماہ سے ملاقات نہیں ہوئی، عمران خان سے آئندہ کے لائحہ عمل پر بات ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چوہدری ظہیرعباس کو بانی اور بشری بی بی نے تمام معاملات کیلئے اپنا وکیل مقرر کیا ہے، بدقسمتی سے کچھ لوگوں نے وکالت کے ذریعے سیاسی قد بڑھانے کی کوشش کی۔
واضح رہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سحری نہ دیے جانے کا بیان پی ٹی آئی کے سینئر رہنما بیرسٹر سیف نے دیا تھا۔