متنازع ٹک ٹاکر کاشف ضمیر نے تازہ انکشاف کرکے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ ایک نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹک ٹاکر رجب بٹ کے حالیہ مسائل اور قانونی معاملات کے پیچھے کسی بڑی شخصیت کا ہاتھ ہے اور یہ شخصیت کوئی اور نہیں بلکہ معروف اداکار فہد مصطفیٰ ہو سکتے ہیں۔
کاشف ضمیر کا کہنا تھا کہ رجب بٹ آج کل ایک مقبول سوشل میڈیا اسٹار بن چکے ہیں اور ان کی بڑھتی ہوئی شہرت کچھ افراد کو ہضم نہیں ہو رہی۔ ان کے مطابق حسد کرنے والے لوگ رجب بٹ کی پرانی ویڈیوز کو وائرل کر کے انہیں بدنام کرنے کی مہم میں مصروف ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ رجب بٹ کو اپنی گفتگو اور ویڈیوز میں محتاط ہونا چاہیے کیونکہ ان کی باتوں کو اکثر سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جاتا ہے جس سے وہ نادانستہ طور پر تنقید اور قانونی مسائل کی زد میں آ جاتے ہیں۔
سب سے حیران کن لمحہ تب آیا جب کاشف ضمیر نے دعویٰ کیا کہ ایک ایسا شخص جو فہد مصطفیٰ کو ذاتی طور پر جانتا ہے اُس نے انہیں بتایا کہ رجب بٹ کے خلاف چلنے والے مقدمات میں فہد مصطفیٰ کا مبینہ کردار ہے اور اس حوالے سے مبینہ ثبوت بھی دکھائے گئے ہیں تاہم جب میزبان نے ان ثبوتوں کو ظاہر کرنے کی گزارش کی تو کاشف ضمیر نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت ثبوت پیش نہیں کر سکتے۔
یہ دعویٰ منظرِ عام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر طوفان برپا ہو گیا ہے۔ صارفین جہاں اس خبر پر حیرانی کا اظہار کر رہے ہیں، وہیں وہ کاشف ضمیر سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ ثبوت سامنے لائیں تاکہ اصل حقیقت واضح ہو۔