نئی دہلی: سابق بھارتی کرکٹر عرفان پٹھان کی جانب سے پاکستان کے لئے طنزیہ کیا گیا ٹوئٹ ان کے گلے پڑ گیا۔
بھارتی اس مرتبہ خود ان کے تبصرے کو غیر ضروری اور غیر اہم قرار دے رہے ہیں۔جبکہ سابق کرکٹر ٹوئٹ کرکے تنقید کی زد میں آچکے ہیں۔
ایشیاکپ میں ہفتے کو ہونے والا پاک بھارت میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہوگیا تاہم قومی ٹیم کے فاسٹ بولرز نے تباہ کن بولنگ سے دنیا بھر کے مداحوں کے دل جیت لیے۔
کینڈی سے جب اعلان کیا گیا کہ مسلسل بارش کے سبب میچ کو ختم کرنا پڑے گا، اس وقت عرفان پٹھان نے ایکس کا رخ کیا اور پاکستانیوں پر طنز کیا۔
سابق کرکٹر نے لکھا بہت سارے پڑوسیوں کے ٹیلی ویژن بچ گئے۔عرفان پٹھان کی ٹوئٹ کا مطلب تھا کہ اگر میچ مکمل ہوتا تو پاکستان کو اس میچ میں شکست ہوتی اور بہت سارے پاکستانی ہار کے دکھ میں اپنے ٹی وی کا ستیا ناس کردیتے۔
یہ ٹوئٹ ناصرف پاکستانی مداحوں کو غیر ضروری لگی بلکہ بھارتی صارفین کو بھی ناگوار گزری۔ ایک بھارتی ایکس اکاؤنٹ نے اپنی ٹوئٹ میں ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ اور بھارتی بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے عرفان کی ٹوئٹ پر طنز کیا عرفان کی قوم پرستی کی سبسکرپشن میں مزید سات روز کا اضافہ کردو۔
مزید پڑھیں:ایشیا کپ: بنگلادیش نے افغانستان کو جیت کیلئے 335 رنز کا ہدف دیدیا
معروف بھارتی صحافی اور پروفیسر اشوک سوین نے ٹوئٹ کی اور عرفان پٹھان کے حوالے سے سخت الفاظ استعمال کیے۔انہوں نے لکھا ‘عرفان پٹھان جو کچھ بھی کرلیں یا جو کہہ لیں، بھارت میں ہندو بالادست انہیں کبھی اپنا نہیں مانیں گے۔