تہران: امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسرائیل پر حملے کا حکم دے دیا ہے جس کا مقصد حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا بدلہ لینا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسرائیل پر براہِ راست حملے کا حکم دیا، جو اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے فوری بعد سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں دیا گیا۔
قبل ازیں سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرئایل نے اپنے لیے سخت سزا کی بنیاد فراہم کی ہے، ایران کا فرض ہے کہ وہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کا بدلہ لے۔ مجرم اور دہشت گرد اسرائیل نے ہمارے مہمان کو شہید کردیا۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ صیہونی حکومت نے اسماعیل ہنیہ کو ہمارے گھر میں شہید کرکے ہمیں سوگوار کردیا۔ اسماعیل ہنیہ کئی سال تک جان داؤ پر لگا کر مقبوضہ فلسطین کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے شہادت کیلئے ہمیشہ تیار رہے اور بچوں کی بھی قربانی دی۔
خیال رہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو میزائل حملے کا نشانہ بنا کر شہید کیا گیا جس میں ایک محافظ نے بھی جامِ شہادت نوش کیا۔ اسماعیل ہنیہ ایرانی صدر کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کیلئے ایران پہنچے تھے۔