تہران / اسلام آباد: ایرانی وزیرِ داخلہ ڈاکٹر احمد وحیدی ایک روزہ دورے کیلئے آج پاکستان پہنچ گئے ہیں، جو وزیر اعظم عمران خان اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر احمد وحیدی اپنے پاکستانی ہم منصب شیخ رشید احمد کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر پہلی بار آئے ہیں۔ ہوائی اڈے پر ان کا استقبال بھی شیخ رشید احمد اور وزارتِ داخلہ کے حکام نے کیا۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت سی ای سی اور پارٹی ترجمانوں کے اجلاس آج طلب
وفاقی وزارتِ داخلہ کے گزشتہ روز جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان اور ایران کے وزرائے داخلہ پاک ایران سرحد مسائل اور قیدیوں کے تبادلے پر بات چیت کریں گے۔ دہشت گردی اور سکیورٹی صورتحال پر بھی گفتگو ہوگی۔
پاکستان نے بلوچستان میں امن و امان خراب کرنے کیلئے ایران میں محفوظ پناہ گاہوں اور صوبے میں سرگرم دہشت گردوں کو ہتھیاروں کی فراہمی کا معاملہ اٹھایا۔ گزشتہ سال اکتوبر میں دونوں ممالک قیدیوں کے تبادلے پر خصوصی کمیٹی کے قیام پر متفق ہوئے تھے۔
اس موقعے پر ایران اور پاکستان نے دہشت گردی اور انسانی اسمگلنگ پر قابو پانے کیلئے ممکنہ تجاویز پر بھی گفتگو کی اور مستحکم افغانستان کی تشکیل کیلئے دو طرفہ کوششیں اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔