معصوم بچی کی ذہانت سے اغوا کا منصوبہ ناکام؛ لاہور کی آیت کراچی سے بازیاب

کالمز

Role of Jinn and Magic in Israel-Iran War
اسرائیل ایران جنگ میں جنات اور جادو کا کردار
zia
ترکی کا پیمانۂ صبر لبریز، اب کیا ہوگا؟
zia
جنوبی شام پر اسرائیلی قبضے کی تیاری؟
(فوٹو؛ ایکسپریس)

لاہور سے اغوا ہونے والی گیارہ سالہ بچی آیت کو کراچی سے بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا جہاں وہ اغوا کار کو چکمہ دے کر ریلوے اسٹیشن پر اطلاع دینے میں کامیاب ہوئی۔

یہ واقعہ لاہور کے علاقے کاہنہ میں پیش آیا جہاں آیت اپنے گھر کے باہر کھیلتے ہوئے لاپتا ہو گئی تھی۔ بچی کی گمشدگی پر والدین نے فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی سیف سٹی ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہو گئے۔

تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ اغوا کار بچی کو ٹرین کے ذریعے کراچی لے جا رہا تھا تاہم راستے میں ممکنہ خطرے کو بھانپتے ہوئے، وہ آیت کو اکیلا چھوڑ کر فرار ہو گیا۔

ریلوے اسٹیشن پر ہوش میں آنے کے بعد آیت نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قریبی شہری سے فون لیا اور اطلاع دی کہ وہ روہڑی اسٹیشن پر موجود ہے۔ اطلاع ملنے پر سیف سٹی ٹیم نے فوری ریلوے پولیس سے رابطہ کیا جس نے بچی کو اپنی تحویل میں لیا اور پھر اُسے کراچی کینٹ تھانے منتقل کر دیا۔

بعد ازاں آیت کو اس کے والد اور انویسٹی گیشن افسر کے ہمراہ کراچی سے بحفاظت لاہور منتقل کر دیا گیا۔ یہ کامیاب کارروائی سیف سٹی لاہور، لاہور پولیس، اور سندھ پولیس کی بروقت اور مؤثر حکمتِ عملی کا نتیجہ ثابت ہوئی۔

ترجمان سیف سٹی کے مطابق میرا پیارا ٹیم اب تک 35 ہزار سے زائد گمشدہ یا لاوارث افراد کو ان کے پیاروں سے ملوانے میں کامیاب ہو چکی ہے۔ ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی گمشدہ یا لاوارث فرد کے بارے میں اطلاع ہو تو فوری طور پر ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت مدد ممکن بنائی جا سکے۔

Related Posts