ترواننتا پورم: حج کیلئے بھارت سے پیدل روانہ ہونے والا مسلم نوجوان شہاب چتور پاک بھارت سرحد واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچا ہے جسے پیدل سفر کی اجازت ملنے میں 4 ماہ لگ گئے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست کیرالا کا رہائشی شہاب چتور 2 جون 2022 کو پیدل سفر کا آغاز کرچکا تھا جو گزشتہ برس ستمبر کے دوران امرتسر پہنچا۔ تکنیکی اعتبار سے پاکستان اور بھارت کے مابین کوئی ایسا معاہدہ نہیں جو پیدل ٹرانزٹ ویزہ کی اجازت دے۔
ویڈیو: ملبے تلے دبے کتے کے بچے کو زندہ نکال لیا گیا
تکنیکی مسائل کے باعث بھارتی نوجوان شہاب کئی ماہ تک امرتسر کے ایک اسکول میں قیام پذیر رہا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے لاہور کا 2 روز کا ٹرانزٹ ویزہ ملنے پر شہاب پاکستان پہنچا اور اس دوران اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شہاب چتور نے کم و بیش ساڑھے 3 ہزار کلومیٹر پیدل سفر طے کر لیا ہے جبکہ کیرالہ سے پنجاب تک 7 بھارتی ریاستیں بھی اس میں شامل ہیں۔ شہاب نے 2 جون کو ملاپورم سے سفر کا آغاز کیا تھا جو 8 ہزار 640کلومیٹر پر محیط ہے۔
شہاب چتور کا کہنا ہے کہ میرا سفر صرف پیدل چلنے کے باعث سخت یا چیلنجنگ نہیں بلکہ تیاری اور منظوری حاصل کرنے میں بھی کافی تگ و دو کرنی پڑی۔ پیدل حج کیلئے سفر شروع کرنے کی اجازت حاصل کرنے میں 6ماہ لگ گئے، میں نے ہمت نہیں ہاری۔