پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے اپنے دونوں بیٹوں کو پاکستان آنے سے روک دیا، سلیمان اور قاسم پاکستان میں کسی سیاسی احتجاج کا حصہ نہیں بنیں گے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کے بیٹوں کی جانب سے والد کی رہائی کے لیے احتجاج کی غرض سے پاکستان آنے کی خبریں سامنے آرہی تھیں تاہم آج ذرائع نے عمران خان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان کے بیٹے پاکستان نہیں آئیں گے۔
نجی چینل آج نیوز نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ منگل کو اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے دوران عمران خان سے پوچھا گیا کہ آپ کے بیٹے امریکا سے واپس جاچکے ہیں اور کیا آپ کے بیٹے 5 اگست کو احتجاج میں شرکت کریں گے؟ جس پر عمران خان نے بتایا کہ ان کے بچے پاکستان نہیں آرہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے کہا کہ احتجاجی تحریک ان کی جماعت نے چلانی ہے، جس سے ان کے بیٹوں کا تعلق نہیں ہے۔
دوسری جانب بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے دو تین ماہ سے جیل کے اندر نہیں جانے نہیں دیا جارہا، اب تو میری بہنوں کو بھی اندر جانے نہیں دیا جا رہا، اس وقت بانی پی ٹی آئی کو مکمل طور پر قید تنہائی میں رکھا جا رہا ہے۔
ان کے بقول جج نے گزشتہ سماعت پر حکم دیا تھا کہ فیملی اور وکلاء کو جیل میں عدالتی کارروائی کے لیے بلایا جائے لیکن جیل انتظامیہ عدالتی حکم کی مسلسل خلاف ورزی کررہی ہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ ایک وکیل کو جیل کے اندر جانے کی اجازت ہے اور جرح کے لیے وکلا کی قانونی ٹیم ہوتی ہے، صرف ایک وکیل اکیلا کیا کر سکتا ہے، اب یہ صرف جلدی جلدی ٹرائل مکمل کرنے کے لیے یہ سب کررہے ہیں۔