اسلام آباد ہائیکورٹ سے توشہ خانہ کیس میں 3سال قید کی سزا معطل کیے جانے کا فیصلہ آنے کے بعد سائفر کیس میں عمران خان کی گرفتاری ڈال دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سائفر کیس میں عمران خان کا جوڈیشل ریمانڈ کل ختم ہونے والا ہے۔ عدالت کی جانب سے ملزم کا جوڈیشل ریمانڈ بھی لے لیا گیا۔ عمران خان کی گرفتاری 15تاریخ کو سائفر کیس میں ڈال دی گئی تھی۔
عمران خان کی رہائی کا سب کو پتہ ہو تو یہ لمحۂ فکریہ ہے۔شہباز شریف
بعد ازاں ایف آئی اے کی جانب سے اصلاح کی گئی کہ ملزم پہلے ہی جیل میں ہے۔ ان کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجا جائے۔ عدالت نے عمران خان کا 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کر لیا جو کل ہی ختم ہونے والا ہے۔
توشہ خانہ میں رہائی کے بعد عمران خان کو باضابطہ طور پر گرفتار کرکے کل خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ایف آئی اے کی جانب سے عمران خان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے عمران خان کے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔ استغاثہ یہ مؤقف اختیار کرے گا کہ ہمیں عمران خان سے گمشدہ سائفر کے متعلق تفتیش کرنی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل عمران خان متعدد مواقع پر یہ واضح کرچکے ہیں کہ سائفر ان سے گم ہوچکا ہے۔ عمران خان نے سب سے پہلے سائفر کو وزارتِ عظمیٰ کے آخری دنوں میں ایک جلسے کے دوران لہرایا تھا۔