لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز رات کے اندھیرے میں ہمارے گھروں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ ہمارے نبی ﷺ جب بھی جنگ کیلئے تشریف لے جاتے تو سخت ہدایات تھیں کہ عورتوں، بچوں اور بزرگوں کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔
عمران خان ملاقاتوں کی بھیک اور معافیاں مانگ رہا ہے۔مریم نواز
ٹوئٹر پیغام میں عمران خان نے کہا کہ آج ہماری اپنی سکیورٹی فورسز آدھی رات کو ہمارے گھروں پر چھاپے مار رہی ہیں۔ سیکیورٹی فورسز گھروں کے دروازے توڑ رہی ہیں۔ توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کر رہی ہیں۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ خواتین کے ساتھ بد سلوکی ہو رہی ہے، ہراساں کیا جاتا ہے اور دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ اگر ملزم نہ ملے تو اس کے لڑکوں، والد اور نوکروں کو بھی اٹھا کر جیل میں ڈال دیا جاتا ہے۔
Whenever our Holy Prophet (PBUH) would go for battle, there were strict instructions that women, children and elders were not to be harmed. Today, our own security forces are raiding our houses in the middle of the night, breaking doors, vandalising the house and robbing it.…
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) June 12, 2023
چیئرمین تحریکِ انصاف نے کہا کہ میری بہنوں کے ڈرائیور اور باورچی رحیم کو اس وقت اٹھایا گیا جب پولیس اس کے بیٹے کو تلاش نہیں کرسکی۔ دونوں کو جیل میں جگہ نہ ہونے کے باوجود بھی ٹھونس دیا گیا۔
عمران خان نے کہا کہ رحیم کو سانس لینے میں تکلیف ہوئی اور رہائی کے بعد سے وہ وینٹی لیٹر پر اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے۔ جو لوگ اس دہشت گردی کے ذمہ دار ہیں، واضح طور پر خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے متعلق سنتے تھے لیکن کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ یہاں ایسا ہوگا۔ اگرچہ یہ پالیسی وقتی طور پر لوگوں کو خوفزدہ کر رہی ہے لیکن نفرت کھل کر سامنے آنے سے پہلے صرف وقت کا انتظار کرنا ہوگا۔