ورکرز کی کارکردگی کونکھارنے کیلئے صحتمند سرگرمیوں کو فروغ دینے پر اتفاق

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

لاہور :ورکرز کی کارکردگی کو نکھارنے کے لیے حکومت پنجاب، ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان ( ای ایف پی)، انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن ( آئی ایل او) اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے مابین صحت مندانہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو لازمی جزو کے طور پر فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے ۔

اس ضمن میں ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب عدنان ارشد نے کہاکہ پنجاب حکومت اس حوالے سے ہرممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔یہ بات انہوں نے ای ایف پی،آئی ایل او اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے زیراہتمام مشترکہ طور پر ملت ٹریکٹرز پلانٹ لاہور میں ’’ورکرز کے لیے کھیلوں کی صحت مندانہ سرگرمیوں کا فروغ‘‘ پر منعقدہ سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

قبل ازیں ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان ( ای ایف پی) کے نائب صدر ذکی احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیمینار کا مقصد ٹوکیو اولمپک میں پاکستان کی شرکت کو فروغ دینا اور ایم این ای ڈی پروجیکٹ کے تحت بچوں سے مزدوری کروانے کے خاتمے کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کو اجاگر کرنا ہے اورمعاشرتی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے سیالکوٹ کی کھیلوں کے سامان کی صنعت کی طرح بہترین لیبر پریکٹس کے ذریعے ملازمتوں کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا ہے۔

انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن ( آئی ایل او) آفس اسلام آباد کی نمائندگی کرتے ہوئے صغیر بخاری نے ’’کھیلوں کی صحت مند سرگرمیاں سب کے لیے‘‘ کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں کوسراہا۔

سیکریٹری جنرل پاکستان ورکرز فیڈریشن ظہور اعوان نے کھیلوں کے ذریعے اچھے کاموں فروغ دینے کی بھر پور حمایت کی کیونکہ صحتمند دماغ کے لیے ایک صحت مند جسم ضروری ہے تاکہ کارکنوں کو بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی حوصلہ افزائی کی جاسکے اور معقول اجرت اور باعزت ومہذب روزگار کے مواقع پیدا کیے جاسکیں۔

سیکریٹری جنرل پی او اے خالد محمود نے کھیلوں کے ذریعے اچھے کاموں کو فروغ دینے پر ای ایف پی اور آئی ایل او کا شکریہ ادا کیا اور کھیلوں اور دیگر وابستہ سرگرمیوں کے ذریعے پائیدار سماجی اور معاشرتی ترقی کے لیے طویل مدتی شراکت داری کو فروغ دینے میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پر مزمل، چوہدری نسیم، حاجی مقصود، فصیح الکریم صدیقی نے بھی خطاب کیا۔

مزید پڑھیں:کورونا کے نام پرریسٹورنٹس بند کرنا کہاں کا انصاف ہے؟، بابر نہال

سیمینار میں کاروباری اداروں کے نمائندوں ، اسپورٹس ایسوسی ایشنز کے علاوہ متعدد قومی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔اس سے قبل ملت ٹریکٹر ایمپلائز یونین کے زیر اہتمام دوستانہ والی بال میچ کا انعقاد کیا گیا جس میں ملت ٹریکٹر اور ساہیوال لائنز نے اپنی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔جیتنے والی ٹیم میں ڈی جی اسپورٹس پنجاب عدنان ارشد اور سیکرٹری جنرل پی او اے خالد محمود نے انعامات تقسیم کیے۔

Related Posts