لاہور: اداکار علی ظفر کے میشا شفیع پر 100 کروڑ روپے ہرجانے کے کیس میں ماڈل و اداکارہ عفت عمر سے سوال کیا گیا ہے کہ کیا آپ نے اپنا ذہنی توازن کبھی چیک کرایا ہے؟
تفصیلات کے مطابق لاہور میں گلوکارہ میشا شفیع کی گواہ کے طور پر عدالت میں حاضر ہونے والی عفت عمر سے علی ظفر کے وکیل نے جرح کی۔ وکیل نے عفت عمر سے سوال کیا کہ آپ نے کبھی ڈاکٹر سے اپنا ذہنی توازن چیک کرایا؟ عفت عمر نے جواب دیا کہ میں نے چیک کرایا تھا، وہ ٹھیک ہے۔
علی ظفر کے وکیل نے اگلا سوال کیا کہ جب آپ نے اپنا ذہنی توازن چیک کرایا تو کیا ڈاکٹر نے کوئی دوا دی تھی؟ عفت عمر نے بتایا کہ جی ہاں۔ ڈاکٹر مجھے بلڈ پریشر اور ذہنی دباؤ کی دوا دی تھی۔
جرح کے دوران ماڈل عفت عمر نے عدالت سے استدعا کی کہ میں تھک چکی ہوں، براہِ کرم سماعت کچھ دیر کیلئے ملتوی کی جائے جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ کو کرسی فراہم کردیتے ہیں۔ اس پر بیٹھ کر جواب دے دیں۔
عفت عمر نے کہا کہ مجھے کچھ دیر کیلئے بریک عنایت کی جائے جس پر عدالت نے میشا شفیع پر ہرجانے کے کیس کی سماعت مزید کارروائی کیلئے 6 جنوری تک ملتوی کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر عفت عمر کو دوبارہ جرح کیلئے طلب کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: میشا شفیع کے 2 ارب ہرجانے کے کیس کی سماعت روک دی گئی