لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وانٹڈ لوگ سرچ کرنا چاہتے ہیں تو میرے گھر کی کیوں تلاشی چاہیے، انہوں نے کہا کہ مذاکراتی ٹیم نے مجھے 8 لوگوں کی لسٹ دی اور کہا یہ ہمارے حوالے کر دیں۔
سابق وزیر اعظم کا میڈیا سے با ت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج مذاکراتی ٹیم مجھ سے ملنے آئی، پہلے کہہ رہے تھے کہ زمان پارک میں دہشتگرد ہیں اب کہتے ہیں وانٹڈ لوگ ہیں، اس طرح تو ساری پی ٹی آئی ہی وانٹڈ ہے جس طرح سے آپ نے ہمارے کارکن اٹھائے ہوئے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ گھر سرچ کرنے کا کہا گیا تو میں نے منع کر دیا، اگر آپ وانٹڈ لوگ سرچ کرنا چاہتے ہیں تو میرے گھر کی کیوں تلاشی چاہیے، جیسے لاہور ہائیکورٹ نے پہلے اجازت دی تھی ویسے آ جائیں لیکن جیسے میرے گھر پر حملہ کیا، چیزیں چوری کیں اس کی اجازت نہیں دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ اب سے نہیں بہت پہلے سے، یہ جو بھی کر رہا ہے اس کو مشورہ ہے کہ پولیٹیکل پارٹی ایسے ختم نہیں ہوتی، ایسے کبھی دنیا میں نہیں ہوا کہ عورتوں کو ذلیل کیا جائے اور لوگوں کے گھروں کو توڑا جائے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے ریزائن کیا ہے مجھے ان لوگوں کو دیکھ کر ترس آتا ہے، کتنے پریشر میں ہوں گے۔
عمران خان نے کہا کہ ہماری لیڈرشپ تو کارکنان کو پر امن رہنے کا پیغام دیتی رہی ہے، سب کی ویڈیوز موجود ہیں، یہ لوگ پی ٹی آئی کو کرش کرنا چاہتے ہیں۔
مزید پڑھیں:جسے اللہ محفوظ رکھے، اسے کوئی نہیں مار سکتا، سراج الحق
صحافیوں کو کہنا چاہتا ہوں جو کہتے ہیں عمران خان بہت سختی کر رہا ہے، مجھے بتائیں میں نے اپنے دور میں ایسا کب کیا، ان کو یہ سمجھ نہیں لگ رہی کہ ان معاملات سے ہمارا ووٹ بینک بڑھ رہا ہے۔